حکومت نے آتے ہی تبدیلیاں کیں، اس وقت کوئی محکمہ کام کرنے کے قابل نہیں:سلمان شاہ

سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی بہت سی تبدیلیاں کی ہیں اور اس وقت کوئی محکمہ کام کرنے کے قابل نہیں ہے، ایک آدھ ماہ میں معاملات درست ہوجائیں گے ، اس وقت معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں، مالیاتی خسارہ 60فیصد کے قریب جارہا ہے اور بہت بڑی ایڈ جسٹمنٹ کی ضرورت ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ” دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان شاہ نے کہا کہ حکومت میں آنے کے دوڈھائی ماہ بعد سمجھ آتی ہے کہ کام کیسے کرناہے؟تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی بہت سی تبدیلیاں کی ہیں اور اس وقت کوئی محکمہ کام کرنے کے قابل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک آدھ ماہ میں معاملات درست ہوجائیں گے ، اس وقت معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں، مالیاتی خسارہ 60فیصد کے قریب جارہا ہے ، اس وقت بہت بڑی ایڈ جسٹمنٹ کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تیاری مکمل نہیں تھی لیکن اس کے باوجود حکومت نے کچھ ایسے فیصلے کئے ہیں جیسے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمتیں کم کی گئی ہیں اور ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ یہ سارا کچھ ایمرجنسی میں ہواہے اور اب جب نتائج آئیں گے تو پتہ چلے گا کہ کیا اثرات ہوئے ہیں؟انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو مزید دباﺅ پڑے گا اور اگر تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو بونس ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں آئی ایم ایف کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے ، آخر کار ہمیں آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑے گا ، آئی ایم ایف ہم پر بوجھ نہیں ڈالے گا بلکہ یہ ہماری پچھلی معیشت ہم پر بوجھ ڈال رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ریونیو میں اضافہ کرنے کی شدت سے ضرورت ہے ۔اس وقت نجی شعبہ گھبرایا ہوا ہے ، ان کودلاسہ دینے اور آن دا بورڈ لینے کی ضرورت ہے ۔اس وقت حکومت کی توجہ سرمایہ کاری کی طرف نہیں بلکہ استحکام کی طرف ہے ، معاملات درست کرنے کیلئے سرمایہ کاری اور استحکام دونوں کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here